کراچی: سندھ حکومت کا اورنج لائن بس منصوبہ تاحال تکمیل سے کوسوں دور

پاکستان

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں سندھ حکومت کا اورنج لائن بس منصوبہ سست روی کے کئی ریکارڈ بناچکا لیکن پھر بھی مکمل نہیں ہوا۔ وزیر اعلیٰ سندھ کہتے ہیں گرین لائن سے پہلے اورنج لائن بنائیں گے ۔ شہریوں نے منصوبے پر حکومت سستی کو اذیت ناک قرار دے دیا۔

کراچی میں ٹرانسپورٹ کی سہولت کو ترستے کراچی والوں کا اورنج لائن بس منصوبہ مکمل ہونے کا انتظار ہے کہ ختم ہونے کا نام نہیں لے رہا۔ شہریوں کی اورنج لائن منصوبے کے ساتھ عید کب ہوگی کوئی نہیں جانتا۔ بس اسٹیشنز بن سکے نہ منصوبے کا کوریڈور پورا ہوا۔ ناظم آباد سے اورنگی ٹاون تک راستے پر گزرتے مسافر شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

وزیر اعلی سندھ منصوبے کے حوالے سے پرامید ہیں کہتے ہیں گرین لائن سے پہلے اورنج لائن کو مکمل کردیں گے۔ منصوبے کی تکمیل کے لیے سندھ حکومت کی جانب سے کتنی ہی ڈیڈ لائنز دی گئیں لیکن منصوبہ مکمل نہ ہوا۔ شہریوں کا کہنا ہے حکومت کا رویہ ان کے لیے سخت اذیت کا سبب ہے۔

ایک ارب چودہ کروڑ روپے کی لاگت کے منصوبے سے متعلق سندھ حکومت کا دعوی ہے کہ اسکی تکمیل کے بعد یومیہ 50 ہزار مسافر اس سے مستفید ہوں گے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں