چاند کی رویت کے نجی سطح پر اعلانات پر پابندی عائد

پاکستان

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی حکومت نے چاند کی رویت کے نجی سطح پر اعلانات کرنے پر پابندی عائد کر دی۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ کابینہ میں رویت ہلال کمیٹی کیلئے نئی قانون سازی کی گئی ہے۔ وفاقی کابینہ نے چاند کی روایت کے پرائیویٹ اعلانات پر پابندی عائد کردی ہے، اب سرکار کی طرف سے یا رویت ہلال کمیٹی کی طرف سے جو اعلان کیا جائے گا اس کو ہی حتمی سمجھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ موسمیات، سپارکو، وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور وزارت مذہبی امور کو بھی رویت کمیٹی میں شامل کرلیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ وفاقی کابینہ نے نیشنل ایکشن پلان برائے بزنس اینڈ ہیومن رائٹس کی منظوری دی ہے، پاکستان ایشیا میں پہلا ملک ہے جس نے نیشنل ایکشن پلان برائے بزنس اینڈ ہیومن رائٹس منظور کیا ہے۔ وفاقی وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے یہ پلان پیش کیا جو تمام کاروباروں پر لاگو ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ نے پاکستان آن لائن ویزا سسٹم (پی او وی ایس) کے ذریعے ای ویزا ایپلی کیشن کی بھی منظوری دی، یہ سہولت 191 ممالک کو دستیاب ہوگی، پہلے یہ ویزا سہولت صرف 50 ممالک کو دستیاب تھی۔ بزنس ویزا اور سیاحتی ویزا کی سہولت دنیا کے 191 ممالک کے شہری گھر بیٹھے حاصل کر سکتے ہیں۔ امید ہے کہ اس سہولت سے کاروبار اور سیاحت کے شعبے مستفید ہوں گے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں