ایف بی آر حکام کا چیمبر آف کامرس کا دورہ، پوائنٹ آف سیلز کے نظام پر بریفنگ

تجارت

کراچی: (دنیا نیوز) پوائنٹ آف سیلز کے نظام کو فروغ دینے کے لیئے ایف بی آر متحرک، کراچی میں ایف بی آر حکام نے پاکستان چیمبر آف کامرس اور انڈسٹریز کے اراکین سے ملاقات کی۔ بتایا گیا کہ ریٹیلرز کا ایف بی آر ڈیٹا بینک سے منسلک ہونا معیشت کیلئے مفید ثابت ہوگا۔

ترجمان ایف بی آر کے مطابق ایف بی آر کے نمائندوں نے پاکستان چیمبر آف کامرس اور انڈسٹریز فیڈریشن ہاوس کا دورہ کیا۔ بزنس کمیونٹی کی جانب سے ایف بی آر وفد کا استقبال کیا گیا۔ دونوں اداروں کے درمیان پوائنٹ آف سیلز کے نظام کو فروغ دینے اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران ان لینڈ ریجنل ٹیکس آفس کراچی میں تعینات چیف کمشنرشاہد اقبال بلوچ نے کہا کہ پی او ایس کوئی نیا ٹیکس نہیں ہے۔ ٹیئر ون ریٹیلر سے اشیاء خریدنے پر صارفین اور ریٹیلر کو کم سیلز ٹیکس دینا پڑے گا۔ پوائنٹ آف سیلز کے نظام سے ٹیئرون ریٹیل کے سپلائر کو دستاویز کرنے میں مدد ملے گی۔

ملاقات کے دوران پاکستان چیمبر آف کامرس اور انڈسٹریز کے اراکین نے ٹرن اوور ٹیکس اور بینک اکاؤنٹ منجمد کرنے جیسے دیگر مسائل سے ایف بی آر حکام کو آگاہ کیا، بزنس کمیونٹی کی جانب سے پوائنٹ آف سیلز کے نظام کو کامیاب بنانے کے لیئے دلچسپی کا اظہار کیا، تاجروں نے ایف بی آر کو اپنی بھرپور حمایت کی یقین دہانی کروائی۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں