چین نے اپنے شہریوں کو افغانستان چھوڑنے کی ہدایت کر دی
بیجنگ: (ویب ڈیسک) کابل میں ہوٹل پر ہونے والے حملے کے بعد چین نے اپنے شہریوں کو افغانستان چھوڑنے کی ہدایت کر دی ہے۔
چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وینبن نے افغانستان میں ہونے والے اپنے شہریوں پر حملے کو ’سنگین نوعیت‘ کا حملہ قرار دیا اور کہا کہ چین کو شدید صدمہ ہے۔ واقعے کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے طالبان حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ چینی شہریوں، اداروں اور منصوبوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کرے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ کابل میں چینی سفارت خانے نے حملے کے متاثرین کو بچانے، علاج معالجے اور رہائش میں مدد کیلئے اپنی ٹیم بھی بھیجی ہے۔ افغانستان میں سکیورٹی کی موجودہ صورت حال کے پیش چینی شہریوں اور اداروں کو جلد انخلا کا مشورہ دیتے ہیں۔
واضح رہے کابل کے وسط میں ایک چینی ہوٹل پر عسکریت پسندوں نے حملہ کیا جس میں تین حملہ آور ہلاک اور ہوٹل کے کم از کم دو مہمان زخمی ہو گئے تھے۔ حملے کی ذمہ داری طالبان کے اہم حریف شدت پسند گروپ داعش نے قبول کی تھی۔