وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کی تربت خود کش حملے کی مذمت

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہبازشریف اور وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے تربت میں خود کش حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ تربت خود کش حملہ میں شہید پولیس اہلکار کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں، وزیراعظم نے تربت خود کش حملہ میں شہید ہونے والے پولیس اہلکار کے اہل خانہ سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار بھی کیا۔

وزیراعظم نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کو شہید پولیس اہلکار کے اہل خانہ کو شہدا پیکیج دینے اور بچوں کی تعلیم کا بندوبست کرنے کی ہدایت کی، انہوں نے کہا کہ پوری قوم شہدا کی وارث ہے، ان کی قربانیوں کا اعتراف کرتے ہیں۔

شہباز شریف نے زخمی خاتون پولیس اہلکار سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے اسے بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کی مکران میں ہونے والے خودکش حملہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہماری پولیس سمیت تمام فورسز کے حوصلے بلند ہیں اور رہیں گے، دہشت گردی کے خلاف ہماری فورسز تاریخی کردار ادا کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہید ہیڈ کانسٹیبل شہاب الدین کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں، زخمی کانسٹیبل شہاب اور لیڈی کانسٹیبل کی جرأت قابل داد ہے، پوری قوم شہید کی فیملی کے دکھ میں ان کے ساتھ ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں