آئی سی سی کا ورلڈ کپ وینیوز کو مزید اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ
دبئی: (دنیا نیوز) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ورلڈ کپ کے وینیوز کو مزید اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
وینیوز کیلئے امپورٹڈ گھاس، نئی آؤٹ فیلڈز اور بہتر فلڈلائٹس کی تیاری کی جا رہی ہے، ہر ورلڈ کپ وینیو کو بھارتی بورڈ کی جانب سے 50 کروڑ روپے ملیں گے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق آئی سی سی ورلڈ کپ سے قبل انفراسٹرکچر پر رقم خرچ ہوگی، ممبئی کے سٹیڈیم میں نئی فلڈلائٹس کی تنصیب ہوگی اور سٹیڈیم میں کارپوریٹ باکسز کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ لکھنؤ میں نئی پچز بچھائی جائیں گی، کولکتہ میں ڈریسنگ رومز کو اپ گریڈ کیا جائے گا اور دھرم شالہ میں آؤٹ فیلڈ کیلئے امپورٹڈ گھاس استعمال ہوگی جبکہ پونے میں ضرورت کیلئے ایک فلور بنایا جا رہا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دہلی میں سٹیڈیم کے انفراسٹرکچر کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے، ورلڈ کپ میچز کا انعقاد 10 وینیوز پر ہو رہا ہے اور ہر وینیو کی اس وقت مختلف ضرورت ہے جو پوری کی جا رہی ہے، بعض سٹیڈیم میں ایل ای ڈی لائٹس استعمال کی جا رہی ہیں، کچھ سٹیڈیمز کی نشستوں اور ٹوائلٹس کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ ایونٹ کا آغاز پانچ اکتوبر سے ہوگا جبکہ فائنل 19 نومبر کو کھیلا جائے گا، پہلا میچ دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان بھارت کے شہر احمد آباد میں ہوگا۔