شہریار آفریدی کیس: ڈی سی اسلام آباد کیخلاف توہین عدالت کا باقاعدہ ٹرائل 28 ستمبر کو ہو گا
اسلام آباد: (دنیا نیوز) ڈی سی اسلام آباد عرفان نواز میمن کیخلاف توہین عدالت کیس میں باقاعدہ ٹرائل 28 ستمبر سے شروع ہو گا، اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس بابر ستار نے تحریری حکم نامے میں آئندہ سماعت کی تاریخ جاری کر دی۔
حکم نامہ کے مطابق ڈی سی اسلام آباد، ایس ایس پی آپریشنز اور ایس ایچ او تھانہ مارگلہ پر عدالت میں فرد جرم عائد کی گئی، قانون کے مطابق ڈی سی اسلام آباد ، ایس ایس پی آپریشنز اور ایس ایچ او تھانہ مارگلہ کو دفاع کا موقع فراہم کیا جائیگا۔
عدالتی ریمارکس میں کہا گیا ہے کہ بادی النظر میں افسران نے جان بوجھ کر انصاف کے نظام کو فرسٹریٹ کرنے کی کوشش کی، مختلف عدالتوں کی طرف سے کالعدم قرار دئیے جانے کے بعد ایک ہی گراؤنڈ پر بار بار ڈیٹنشن آرڈرز جاری کئے گئے۔
عدالت کی طرف سے شوکاز نوٹس جاری کئے جانے کے بعد ڈپٹی کمشنر نے ڈیٹنشن آرڈرز جاری کیے، پولیس افسران نے بھی حقائق کے بغیر رپورٹس جاری کیں، پولیس رپورٹ کے مطابق شہر یار آفریدی نے جیل میں ملاقات کرنیوالوں کو پرتشدد سرگرمیوں پر اکسایا۔
عدالت نے شہریار آفریدی سے جیل میں ملاقات کرنیوالوں کی فہرست مانگی تو فراہم نہیں کی گئی، حکم نامہ کے مطابق ایسے بھی کوئی شواہد نہیں دئیے گئے کہ کونسا شخص شہریار آفریدی سے ملاقات کے بعد پُر تشدد سرگرمی کا حصہ بنا۔