پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آج سے آغاز

راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 5 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا آغاز آج سے راولپنڈی میں ہو گا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں 5 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں آج بروز جمعرات راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں آمنے سامنے ہوں گی، پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ شام ساڑھے 7 بجے شروع ہو گا، دونوں ٹیموں کے کھلاڑی جیت کیلئے پر عزم ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاک نیوزی لینڈ ٹی 20 سیریز کیلئے کمینٹری پینل کا اعلان

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی 20 سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کر دی گئی، ٹرافی کی تقریب رونمائی میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم اور نیوزی لینڈ کے کپتان مائیکل بریسویل شریک ہوئے اور تصاویر بنوائیں، دونوں ٹیموں نے راولپنڈی سٹیڈیم میں پریکٹس بھی کی۔

موجودہ سیریز میں بیٹنگ اور باؤلنگ کے مختلف کمبی نیشن آزمائیں گے: بابر اعظم

میچ سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ سے پہلے ہمارے پاس بارہ میچز ہیں، کوشش کریں گے ان میچز کے دوران اپنی تیاریاں مکمل کر لیں، ہم نے بہت سی چیزوں کو تبدیل کیا، کوشش کریں گے کہ اپنے کھیل میں مزید بہتری لائیں۔

بابر اعظم نے کہا کہ ورلڈ کپ کیلئے اچھی ٹیم لیکر جائیں گے، کوشش ہے نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیں، اس سیریز میں مختلف کمبی نیشن بیٹنگ اور باؤلنگ میں آزمائیں گے، آئرلینڈ اور انگلینڈ کی سیریز میں چیزیں کلیئر ہو جائیں گے، کوشش کرتا ہوں خوش رہنے کی لیکن انسان ہوں۔

انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کیخلاف اچھی پرفارمنس پیش کریں گے، ٹیم میں کھلاڑی پرفارمنس کی بنیاد پر آتے ہیں، ہماری بیٹنگ سٹرونگ ہونے جا رہی ہے، عثمان خان، عرفان نیازی کو کھلائیں گے، ہماری بیٹنگ 9 ویں نمبر تک جائے گی، نوجوان کھلاڑی کے آنے کی سینئر کو خوشی ہوتی ہے۔

پاکستان کی ٹیم ہوم گراؤنڈ پر بہت مضبوط ہوتی ہے: کپتان نیوزی لینڈ ٹیم

نیوزی لینڈ کے کپتان مائیکل بریسویل نے کہا کہ پاکستان سے سیریز چیلنجنگ ہوگی، پاکستانی ٹیم ہوم گراؤنڈ پر بہت مضبوط ہوتی ہے، ہم اچھا کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے، ہم ایک ٹیم کے طور پر تفریحی کرکٹ کھیلنے اور کھیل کو آگے لے جانے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے کہا ہے کہ ٹیم کی قیادت کرنا میرے لیے بڑے فخر کی بات ہے، ہم نے ٹیم میں نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا اور ہمارے سکواڈ میں شامل زیادہ تر کھلاڑی ٹی 20 کرکٹ کا تجربہ رکھتے ہیں، پاکستان آکر بہت اچھا لگا، اس سے قبل بھی پاکستان کا دورہ کر چکے ہیں۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں