تحریک انصاف نے جسٹس بابر ستار کیخلاف توہین آمیز مہم کا ذمہ دار حکومت کو قرار دے دیا

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف نے جسٹس بابر ستار کے خلاف توہین آمیز مہم کا ذمہ دار حکومت کو قرار دے دیا۔

ترجمان پاکستان تحریک انصاف نے کہا کہ غیر جمہوری عناصر سیاست کے بعد عدلیہ کی تباہی کے ایجنڈے کیلئے سرگرم ہیں، قانون و انصاف کو مقدم رکھنے والے ججز کے خلاف مہم کا مقصد انہیں خوفزدہ کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس کے پیھچے وہی کردار ہیں جن کی سیاسی تاریخ ججز سے مرضی کے فیصلے لینے سے بھری پڑی ہے، ججز کواپنے گھٹیا پروپیگنڈا کا نشانہ بنانا سپریم کورٹ پر یلغار کرنے والے مافیا کا پرانا وطیرہ رہا ہے۔

ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ مجرموں کے اس ٹبر کے نشانے پر ہمیشہ وہ ججز رہے ہیں جنہوں نے عدل و انصاف کے مطابق فیصلے دیئے، مرضی کے ریفری کیساتھ میچ کھیلنے والے مافیا کو رفیق تارڑ اور جسٹس قیوم جیسے ججز ہی بھاتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بے مثال جرات کا مظاہرہ کرنے والے ججز کو دباؤ میں لانے کیلئے اوچھے ہتھکنڈوں کی مذمت کرتے ہیں۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں