پاکستان ہے تو ہم ہیں، افواج پاکستان ہیں تو ہم ہیں: طارق فضل چودھری

اسلام آباد: (دنیا نیوز) رہنما مسلم لیگ و رکن قومی اسمبلی طارق فضل چودھری نے کہا کہ پاکستان ہے تو ہم ہیں، افواج پاکستان ہیں تو ہم ہیں۔

رہنما مسلم لیگ و رکن قومی اسمبلی طارق فضل چودھری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے بزرگوں نے بے شمار قربانیوں سے یہ ملک حاصل کیا ہے، دیکھنا ہو گا کہ کیا ہم نے وہ مقصد حاصل کر لیا ہے جس کیلئے قائداعظمؒ اور علامہ اقبالؒ نے آزاد ملک کے قیام کا خواب دیکھا تھا۔

طارق فضل چودھری نے کہا کہ ہمیں وہ غلطیاں دہرانے کی ضرورت نہیں، تجربوں سے سیکھنے کی ضرورت ہے، ایک سیاسی جماعت کے نہ سمجھ دوستوں اور معصوم نوجوانوں سے ہمدردی ہے، 9 مئی کو جو طرز عمل اختیار کیا گیا وہ بالکل قابل قبول نہیں ہو سکتا۔

رہنما ن لیگ نے مزید کہا کہ نوجوانوں کی برین واشنگ کرکے ریاستی اداروں کیخلاف انہیں اکسایا گیا، 9 مئی کو شہداء کی یادگاروں کو جلایا گیا، جی ایچ کیو پر چڑھائی کی گئی، سانحہ نو مئی جیسے واقعات کی کوئی قوم اور ملک متحمل نہیں ہو سکتا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ شہداء کی قربانیوں کی وجہ سے آج ہم چین کی نیند سو پاتے ہیں، کوئی ذی شعور شخص شہیدوں کی بے حرمتی کرنے اور ان کا مذاق اڑانے کا سوچ بھی نہیں سکتا، 9 مئی واقعات میں براہ راست ملوث شرپسند ٹولہ آج جوڈیشل کمیشن بنا کر تحقیقات کا مطالبہ کر رہا ہے۔

طارق فضل چودھری نے کہا کہ اختلاف رائے دور کرنے کیلئے فورمز موجود ہیں، اختلاف کا مطلب یہ نہیں کہ ریاستی اداروں پر چڑھ دوڑیں، اسلام آباد چیمبر آف کامرس کی طرف سے پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے تقریب کا انعقاد قابل تحسین ہے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں