ایرانی صدرابراہیم ریئسی کا حادثے میں انتقال، عالمی رہنماؤں کا اظہار تعزیت

دبئی : (ویب ڈیسک ) ایرانی صدرابراہیم رئیسی اور ان کے رفقا کے ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہونے پر عالمی رہنماؤں نے گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔

دنیا بھر کے مختلف ملکوں کے رہنماؤں کی جانب سے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی ہیلی کاپٹر حادثے میں اپنی حکومت میں شامل قریبی اور اعلیٰ قیادت کے ہمراہ انتقال  پر اظہار افسوس اور تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔

بھارت

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے ایران کے صدر کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کردیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں ان کا کہنا تھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کے المناک انتقال پر میں گہرے دکھ اور صدمے میں ہیں، بھارت-ایران باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے میں ان کے تعاون کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، ان کے اہل خانہ اور ایرانی عوام کے ساتھ میری دلی تعزیت ہے، بھارت دکھ کی اس گھڑی میں ایران کے ساتھ کھڑا ہے۔

متحدہ عرب امارات

متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے تعزیتی بیان میں کہا کہ وہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور ان کے وزیر خارجہ کے انتقال پر ایرانی حکومت اور ایران کے عوام کے ساتھ اپنی گہری تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم دعا کرتے ہیں کہ خدا انہیں ابدی سکون عطا کرے اور ہم ان کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں، متحدہ عرب امارات کی حکومت دکھ کی اس گھڑی میں ایران کے ساتھ ہیں ۔

یہ بھی پڑھیں:ایرانی صدرابراہیم رئیسی اور وزیرخارجہ ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق

روس 

ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر حادثے میں انتقال پر روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن کی جانب سے تعزیت کا اظہار کیا گیا ہے، روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ابراہیم رئیسی ایک شاندار سیاست دان تھے، ابراہیم رئیسی روس کے سچے دوست تھے۔

دوسری جانب تہران میں روسی سفارت خانے کی جانب سے بھی ایرانی صدر کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا گیا ہے۔

حماس

حماس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں ایران کے سپریم لیڈر علی خامنہ ای، ایرانی حکومت اور ایرانی عوام کے ساتھ اس بے پناہ نقصان پر گہری تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا گیا ہے، حماس نے فلسطین کی حمایت اور اسرائیل کے خلاف مزاحمت کی کرنے پر ایرانی رہنماؤں کی تعریف کی اور اس اعتماد کا اظہار کیا۔

عراق

عراقی حکومت   کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہمیں اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور ان کے ساتھیوں کے بدقسمت طیارہ حادثے کے نتیجے میں انتقال کی المناک خبر موصول ہوئی ہے، ہم اسلامی جمہوریہ کے سپریم لیڈر علی خامنہ ای اور ملت ایران، اس کی حکومت اور عوام کے تئیں اپنی دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں، ہم اس دردناک سانحے میں برادر ایرانی عوام اور اسلامی جمہوریہ کے حکام کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:سپریم لیڈر کی منظوری کے بعد محمد مخبر دو ماہ کیلئے ایران کے عبوری صدر مقرر

وینزویلا

وینزویلا کے صدر نکولس مادورو نے بھی ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی شہادت پر شدید اظہار افسوس کیاہے ، ان کا کہنا تھا کہ ہمارے اور ایرانی صدر کے درمیان دیرینہ تعلقات تھے۔

یورپی یونین، متحدہ عرب امارات، قطر، شام، ملائیشیا، سپین اور لبنان کی قیادت نے بھی ایرانی صدر اور ان کے قریبی رفقاء کی ہیلی کاپٹر حادثے میں موت پر اظہار افسوس کیا ہے۔

 واضح رہے کہ گزشتہ روز ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کو لے جانے والا ہیلی کاپٹر گزشتہ روز آذربائیجان کی سرحد پر ڈیم کی افتتاحی تقریب سے واپس آتے ہوئے موسم کی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں ایرانی صدر، وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان و دیگر حکام جاں بحق ہوگئے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں