ویزہ جاری ہونے کے بعد محمد عامر آج آئر لینڈ روانہ ہوں گے

لاہور: (دنیا نیوز) ویزہ جاری ہونے کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر محمد عامر آج آئر لینڈ روانہ ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق فاسٹ باؤلر محمد عامر آج کی فلائٹ سے آئر لینڈ روانہ ہوں گے، آئر لینڈ پہنچنے پر محمد عامر قومی ٹیم کو جوائن کریں گے، ویزہ دیر سے ملنے کی وجہ سے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں محمد عامر ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے۔

محمد عامر اتوار اور منگل کو آئر لینڈ کے ساتھ کھیلے جانے والے دوسرے اور تیسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کیلئے دستیاب ہوں گے، چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن رضا نقوی کی کوششوں سے فاسٹ باؤلر محمد عامر کو ویزہ جاری ہو سکا ہے۔

قبل ازیں فاسٹ باؤلر محمد عامر کو کلیئرنس دیئے جانے کے بعد دورہ آئرلینڈ کیلئے ویزہ دینے کی منظوری دی گئی، پی سی بی نے ویزے کے اجراء میں تاخیر کے معاملے کو اٹھایا، اعلیٰ حکام نے فاسٹ باؤلر کے ویزے کے حوالے سے کرکٹ آئرلینڈ سے بھی بات کی تھی۔

واضح رہے کہ پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل 10، 12 اور 14 مئی کو ڈبلن میں کھیلے جائیں گے، آئرلینڈ کا دورہ مکمل کرکے پاکستان کرکٹ ٹیم انگلینڈ پہنچے گی جہاں اسے انگلینڈ کے خلاف 4 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلنی ہے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں