وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کا پشاور آپریشن میں شہید فوجی جوانوں کو خراج عقیدت

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پشاور کے علاقے حسن خیل میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن میں جام شہادت نوش کرنے والے فوجی جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پشاور کے علاقے حسن خیل میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن میں پانچ دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔

شہباز شریف نے آپریشن کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے پاک آرمی کے کیپٹن حسین جہانگیر، حوالدار شفیق اللہ کے درجات کی بلندی کی دعا کی اور ان کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔

یہ بھی پڑھیں: پشاور: سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 5 دہشتگرد جہنم واصل، 2 جوان وطن پر قربان

دوسری جانب وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بھی حسن خیل میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن میں شہید کیپٹن حسین جہانگیر اور شہید حوالدار شفیق اللہ کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا اورشہداء کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہارِ کیا۔

مریم نواز نے اپنے پیغام میں کہا کہ شہید کیپٹن حسین جہانگیر اور شہید حوالدار شفیق اللہ نے ملک پر جان نچھاور کی،ہمارے بہادر سپوتوں نے ہمیشہ جان کی پروا کیے بغیر ملک دشمن عناصر کا قلع قمع کیا، شہدا کے جذبے کو سلام پیش کرتی ہوں،پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے، پاک فوج ہمارا فخر ہے۔

واضح رہے کہ آئی ایس پی آر کے مطابق 26 مئی کو سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع پشاور کے علاقہ حسن خیل میں آپریشن کیا، فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشتگرد واصل جہنم جبکہ 3 زخمی ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں سے مقابلے میں کیپٹن حسین جہانگیر اور حوالدار شفیق اللہ شہید ہوگئے، شہید کیپٹن حسین جہانگیر کا تعلق ضلع رحیم یار خان اور شہید حوالدار شفیق اللہ کا تعلق ضلع کرک سے ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں