زیادہ ٹی وی دیکھنے پر باپ کی ننھی بچی کو انوکھی سزا

بیجنگ: (ویب ڈیسک) ٹی وی دیکھنے کی شوقین 3 سالہ بیٹی کو باپ نے سزا کے طور پر آنسوؤں سے پیالا بھرنے کا حکم سنا دیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق جنوبی چین کے گوانگشی ژوانگ علاقے میں یولن سے تعلق رکھنے والے والد جب رات کا کھانا کھا رہے تھے تو انہوں نے اپنی بیٹی کو کھانے کی میز پر بلایا، تاہم جب بیٹی نے بات نہیں سنی تو والد نے اسے ایک غیر معمولی سزا دی۔

باپ کے حکم کے باوجود ٹی وی دیکھنے میں مگن بیٹی کا اپنے والد کا حکم نظر انداز کرنا انہیں اتنا ناگوار گزرا کہ وہ شخص غصے میں آگیا اور کمرے میں آ کر ٹی وی بند کر دیا۔

باپ کے اس عمل کے بعد بیٹی پھوٹ پھوٹ کے رونے لگی جس پر والد نے شدید غصے کی حالت میں بیٹی کو ایک خالی پیالا تھما دیا اور حکم دیا کہ ’’جب آپ کے آنسوؤں سے یہ پیالہ بھر جائے گا تو آپ دوبارہ ٹی وی دیکھ سکتی ہیں‘‘۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں بچی کو اپنے چہرے کے قریب پیالا تھامے ہوئے آنسو جمع کرتے دیکھا گیا البتہ 10 سیکنڈ تک آنسو جمع کرنے کے بعد بچی تھک گئی اورکہنے لگی یہ مجھ سے نہیں ہوگا۔

بعدازاں بیٹی کی تکلیف پر والد کا دل نرم ہوگیا اور انہوں نے مسکراتے ہوئے بیٹی سے پیالا واپس لے لیا، والدہ کے مطابق اس لمحے ان کی بیٹی کے چہرے پر جو مسکراہٹ تھی وہ والدین کیلئے خوشی کا باعث بن گئی۔

دوسری جانب اس ویڈیو نے منظر عام پر آتے ہی متعدد صارفین کے تبصرے جمع کر لئے، کسی نے ننھی بچی کو سزا دینے پر والدین کو آڑتے ہاتھوں لیا تو کوئی بچی کی مسکراہٹ پر دل ہار بیٹھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں