حد نگاہ میں بہتری، موٹرویز کو مختلف مقامات سے ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا
لاہور: (دنیا نیوز) دھند میں کمی اور حدِ نگاہ بہتر ہونے کے بعد موٹروے پولیس نے مختلف اہم موٹرویز کو ٹریفک کے لیے دوبارہ کھول دیا۔
ترجمان سینٹرل ریجن موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے ایم 4 کو ٹریفک کے لیے بحال کر دیا گیا ہے جبکہ حد نگاہ میں بہتری کے بعد لاہور سیالکوٹ موٹروے کو بھی ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ حدِ نگاہ میں بہتری کے بعد موٹروے ایم 5 کو ملتان سے ظاہر پیر تک گاڑیوں کی آمد و رفت کے لیے کھول دیا گیا ہے جبکہ موٹروے ایم 3 کو سمندری سے عبدالحکیم تک ٹریفک کے لیے بحال کر دیا گیا ہے۔
موٹروے پولیس نے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ سفر کے دوران رفتار محدود رکھیں، ہیڈ لائٹس آن رکھیں اور حفاظتی فاصلے کا خیال رکھیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔