گڈز ٹرانسپورٹرز کا 25 جولائی سے پہیہ جام ہڑتال کا اعلان

گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) گڈز ٹرانسپورٹرز نے 25 جولائی سے پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کر دیا۔

گوجرانوالہ میں گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مطالبات کی منظوری تک بکنگ اور ڈیلیوری نہیں کی جائے گی، پورے پاکستان میں ایکسل ویٹ کا یکساں نظام ہونا چاہئے، ایکسل کانٹوں پر ٹھیکیداری نظام ختم کرکے این ایل سی یا ایف ڈبلیو او کو دیا جائے۔

گڈز ٹرانسپورٹرز نے کہا کہ موٹروے پولیس، پٹرولنگ پولیس اور ٹریفک پولیس بے جا چالان کرتی ہے، پٹرولنگ پولیس سے چالان کرنے کے اختیارات واپس لئے جائیں، کراچی سے گوجرانوالہ تک گڈز ٹرانسپورٹرز 50 ہزار روپے جرمانے ادا کرتے ہیں۔

گڈز ٹرانسپورٹرز نے مزید کہا کہ کسٹم حکام کو ناجائز چیکنگ سے روکا جائے، آئے روز ٹال پلازہ کی فیس بڑھائی جاتی ہے جو کہ ہمیں منظور نہیں، مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو ہڑتال کا دائرہ کار وسیع کرتے ہوئے کنٹینرز کھڑے کرکے روڈ بلاک کریں گے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں