دبئی محفوظ مگر علاقائی کشیدگی میں کچھ خاندان پیٹ ٹریول پر پریشان
دبئی: (سید مدثر خوشنود) متحدہ عرب امارات میں عمومی سکیورٹی اور شہری زندگی معمول کے مطابق جاری ہے، تاہم خطے میں جاری کشیدگی کے باعث بیرونِ ملک سفر یا عارضی نقل مکانی کی منصوبہ بندی کرنے والے بعض رہائشیوں کو اپنے پالتو جانوروں کی منتقلی کے حوالے سے عملی مشکلات کا سامنا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جانوروں کی فلاحی تنظیموں اور ویٹرنری ماہرین کو حالیہ دنوں میں ایسے افراد کی درخواستیں موصول ہوئیں جو فوری انتظامات یا پیشہ ورانہ رہنمائی چاہتے تھے۔
ریسکیو نیٹ ورکس کے مطابق کچھ مالکان کو عارضی طور پر اپنے جانوروں کے لیے متبادل دیکھ بھال کا بندوبست کرنا پڑا، جبکہ ویٹرنری ماہرین نے واضح کیا کہ خوف یا جلد بازی میں صحت مند جانوروں سے متعلق سخت فیصلوں سے گریز کرنا چاہیے۔ ان کے مطابق مناسب قانونی تقاضے مکمل کر کے پالتو جانوروں کی محفوظ منتقلی ممکن ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا کہ ایئر لائن ضوابط، کاغذی کارروائی اور اخراجات جیسے عوامل اس صورتحال کو مزید پیچیدہ بناتے ہیں، لیکن متعدد خاندان اپنے جانوروں کو ساتھ لے جانے کے لیے اضافی وسائل خرچ کرنے پر بھی آمادہ ہیں۔ اس دوران رضاکارانہ نیٹ ورکس عارضی foster care کے ذریعے بلیوں اور کتوں کے لیے متبادل انتظامات فراہم کر رہے ہیں۔
ماہرین کے مطابق متحدہ عرب امارات میں حفاظتی نظام مستحکم ہے اور عوامی زندگی متاثر نہیں ہوئی، تاہم خطے کے حالات کے پیشِ نظر سفر سے پہلے پیشگی منصوبہ بندی اور ذمہ دارانہ فیصلے ضروری ہیں تاکہ پالتو جانوروں کی فلاح اور محفوظ نقل و حرکت کو یقینی بنایا جا سکے۔