خلیجی ممالک سے مسلسل رابطے، کسی رہائشی علاقے کو نشانہ نہیں بنایا: عراقچی
تہران: (دنیا نیوز) ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ قطر،سعودی عرب، عمان اور دیگر ہمسایہ ممالک کے ساتھ سفارتی رابطے مسلسل جاری ہیں۔
عرب ٹی وی کو انٹرویو میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ ایران ہر اس اقدام کا خیرمقدم کرے گا جو جنگ کے مکمل خاتمے کا باعث بنے، ایران نے خطے میں کسی بھی ملک کے شہری یا رہائشی علاقوں کو نشانہ نہیں بنایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ خطے میں بعض اہداف پر حملوں کے پیچھے امریکی ساختہ ڈرون لوکاس ہو سکتا ہے، عرب ممالک میں شہری اہداف پر حملوں کے پیچھے ممکنہ طور پر اسرائیل کا ہاتھ ہو سکتا ہے۔
قبل ازیں ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکا کو طعنہ دیا ہے کہ وہ آبنائے ہرمز کی حفاظت کے لیے چین سے بھیک مانگنے پر مجبور ہوچکا ہے۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز امریکا اور اس کے اتحادیوں کے علاوہ سب کیلئے کھلی ہے، خطے میں امریکی سکیورٹی کی چھتری میں بہت سے سوراخ ہوچکے ہیں اور وہ مشکلات سے بچانے کے بجائے مشکلات کو دعوت دینے کا سبب بن رہی ہے۔
عباس عراقچی نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی افواج نے جمعے کو ہمارے خارگ جزیرے پر حملے دبئی اور راس الخیمہ کے قریب سے ہیمرز میزائل سسٹم سے کیے تھے،ایران ان حملوں کا جواب دے گا لیکن اس بات کا خیال رکھے گا کہ شہری آبادی کو نقصان نہ پہنچے۔