امیر جماعت اسلامی نے پی ٹی آئی کے گرینڈ الائنس کا حصہ بننے سے انکار کر دیا

اسلام آباد:(دنیانیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے اپوزیشن کے گرینڈ الائنس کا حصہ بننے سے انکار کر دیا۔

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے ساتھ کچھ مشترکات پریکساں مؤقف بھی اختیار کریں گے اور ملاقاتیں بھی کریں گے لیکن کسی اتحاد کا حصہ نہیں بنیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ الائنس میں شامل پارٹیاں بعد میں اپنی "سیٹنگ" بنالیتی ہیں، ایک بیان میں کہا کہ حکومت سمجھتی تھی کہ ہم ایک دو روز بیٹھ کر چلے جائیں گے، حکومت کو بتانا چاہتا ہوں مطالبات منوانے لئے یہاں آئے ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے گزشتہ روز اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد قومی میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ آئندہ دو ہفتوں میں اپوزیشن کا گرینڈ الائنس بنانے جا رہے ہیں، اتحاد میں حکومت مخالف تمام پارٹیوں کا شامل کیا جائے گا۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں