امریکا کی اپنے شہریوں سے فوری لبنان چھوڑنے کی اپیل

واشنگٹن :(دنیا نیوز) بیروت میں امریکی سفارتخانے نے مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان اپنے شہریوں سے کسی بھی دستیاب ٹکٹ پر فوری لبنان چھوڑنے کی اپیل کردی ہے۔

برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ ایڈوائزری برطانیہ کے سیکرٹری خارجہ ڈیوڈ لیمی کی اسی طرح کے انتباہ کے بعد سامنے آئی ہے، جس میں کہا گیا تھا کہ علاقائی صورتحال ’تیزی سے خراب ہو سکتی ہے‘۔

یاد رہے کہ تہران میں حماس سربراہ اسماعیل ہانیہ کے قتل کے بعد ایران نے اسرائیل کے خلاف سخت جوابی کارروائی کرنے کا عزم کیا ہے، اسماعیل ہنیہ کا قتل اسرائیل کی طرف سے بیروت میں حزب اللہ کے کمانڈر فواد شکر کی ہلاکت کے چند گھنٹے بعد ہوا تھا۔

خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ لبنان میں ایران کا حمایت یافتہ گروپ حزب اللہ ایسی کسی بھی انتقامی کارروائی میں بھاری کردار ادا کر سکتا ہے جس کے نتیجے میں اسرائیل کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آ سکتا ہے۔

دوسری جانب حزب اللہ نے اتوار کو مقامی وقت کے مطابق تقریباً 00:25 پر شمالی اسرائیل کے قصبے بیت ہلیل پر درجنوں راکٹ داغے ہیں، سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی فوٹیج میں اسرائیل کے آئرن ڈوم ایئر ڈیفنس سسٹم کو راکٹوں کو روکتے ہوئے دکھایا گیا ہے، تاہم اس حملے میں جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں