حضرت بری امامؒ کے سالانہ عرس کی تقریبات، اسحاق ڈار نے چادر پوشی کی

اسلام آباد : (دنیا نیوز) نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے حضرت بری امامؒ کے سالانہ عرس کی تقریبات کے آغاز پر دربار میں حاضری دی اور چادر پوشی کی۔

نائب وزیر اعظم اور سربراہ دربار بری امام کمیٹی اسحاق ڈار کی جانب سے چادر پوشی کے موقع پر گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی بھی ان کے ہمراہ تھے، اسحاق ڈار نے چادر پوشی کے بعد خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ عرس پاک کی بحالی ہوئی ہے، سولہ سال بعد یہ عرس اور میلہ کل سے شروع ہونے جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انتظامی کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ عرس یوم آزادی کو ہونا چاہیے، اب عرس پندرہ، سولہ اور سترہ اگست کو ہوا کرے گا اور عرس مبارک اب صرف عرس مبارک ہی ہوا کرے گا، میلا نہیں ہو گا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ میلے پر جو نامناسب چیزیں ہوتی ہیں وہ نہیں ہوں گی، عرس کی برکت سے پاکستان معاشی قوت اور جلد چوبیسویں معیشت بنے گا، 2017 میں پاکستان کی معاشی ترقی روک دی گئی، معاشی ترقی بھی جلد نظر آئے گی جبکہ پاکستان اسلامی امہ کی قیادت کرے گا۔

نائب وزیر اعطم نے مزید کہا کہ پاکستان کو معاشی قوت بناناتر جیح ہے، ملک کی بہتری کیلئے دن رات کوشاں ہیں، دعا ہے کہ بزرگوں نے جو خواب دیکھے پاکستان وہ حاصل کرے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں