ٹیلی گرام کے بانی ضمانت پر رہا، عدالت نے فرانس چھوڑنے پر پابندی لگادی

پیرس: (ویب ڈیسک) سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹیلی گرام کے بانی پاؤل دورو کو عدالت نے ضمانت پر رہا کر دیا۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹیلی گرام کے بانی پاؤل دورو کو گزشتہ روز عدالت میں پیش کیا گیا تھا، انہیں اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر مجرمانہ سرگرمیوں کے الزامات کا سامنا ہے۔

فرانس کی عدالت نے ٹیلی گرام کے بانی کے فرانس چھوڑنے پر پابندی لگاتے ہوئے انہیں پچاس لاکھ یورو ضمانت پر رہائی دی تاہم انہیں ہفتے میں دو بار پولیس سٹیشن میں حاضر ہونا پڑے گا۔

واضح رہے کہ الزامات ثابت ہونے پر پاؤل دورو کو 10 برس قید اور 5 ہزار یورو جرمانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

دعویٰ کیا گیا ہے کہ پاؤل کیخلاف تحقیقات کا آغاز فروری میں کیا گیا تھا تاہم سوشل میڈیا پلیٹ فارم کی انتظامیہ تحقیقات کا جواب دینے سے گریز کرتی رہی تھی۔

ٹیلی گرام کے بانی پاؤل دورو کو 12 الزامات کے تحت 24 اگست کو پیرس پہنچنے پر حراست میں لیا گیا تھا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں