جاپان : سمندری طوفان شانشان کے جزیرے کیوشوسے ٹکراگیا

ٹوکیو : (ویب ڈیسک ) سمندری طوفان شانشان جاپان کے جزیرے کیوشو سے ٹکرا گیا، طوفان کے باعث شدید ہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق طوفان سے کئی گھروں کی چھتیں اڑگئیں اور درخت گرگئے ہیں، حکام کے مطابق سمندری طوفان میں 252 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، جس کی وجہ سے بجلی کی تنصیبات کو نقصان پہنچا ہے، جبکہ علاقے میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

طوفان کے سبب ہونے والی بارشوں کے پیش نظر گاڑیاں بنانے والی مشہور جاپانی کمپنی ٹویوٹا نے تمام 14 فیکٹریوں میں اپنی پیداوار کو منسوخ کردیا ہے۔

اہم حکومتی ترجمان ہیاشی نے کہا کہ توقع ہے کہ طوفان کی وجہ سے انتہائی شدت کی حامل ہوائیں چلنے کے ساتھ ساتھ اتنی اونچی لہریں بلند ہوں جس کا آج تک لوگوں نے سامنا نہیں کیا ہو گا۔

کیوشو کے کاگوشیما علاقے کے کچھ حصوں میں پرتشدد طوفانوں اور اونچی لہروں اور تیز لہروں کے لیے اپنی خصوصی وارننگ جاری کرتے ہوئے 56ہزار لوگوں کو انخلا کا مشورہ دیا ہے۔

جاپانی محکمہ موسمیات کے چیف فورکاسٹر ساتوشی سوگیموتو نے ایک نیوز کانفرنس میں کہا کہ وارننگ میں اس بات کی نشاندہی کی گئی کہ طوفان کی وجہ سے کسی بڑی تباہی کا امکان بہت زیادہ ہے۔

طوفان سے ڈھائی لاکھ سے زائد صارفین بجلی سے محروم ہیں، کیوشو میں پروازیں اور ٹرینوں کی آمدورفت بھی جمعے تک معطل رہے گی، پروازوں کی منسوخی سے تقریباً 25ہزار افراد متاثر ہوئے۔


 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں