ایف آئی اے امیگریشن کی کارروائی ، مسافر کے موبائل سے 47 سے زائد ویزے برآمد

کراچی : (دنیانیوز) ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی ایئرپورٹ پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے بیرون ملک جانے والے مسافر کے موبائل سے 47 سے زائد ویزے برآمد کرلیے۔

حکام کے مطابق مسافر گرفتار ملزم کی شناخت علیان زمان کے نام سے ہوئی، ملزم علیان وزٹ ویزے پر ملائیشیا جا رہا تھا اور اس نے ایجنٹ کی ملی بھگت سے ملائیشیا سے برطانیہ جانے کی کوشش کرنا تھی ۔

حکام کاکہنا ہے کہ ملزم کا تعلق اٹک سے ہے ، ملزم نے اٹک کے رہائشی ایجنٹ کو مجموعی طور پر 28 لاکھ روپے ادا کرنا تھے، ملزم ایجنٹ کو ابتک 4 لاکھ روپے ادا کر چکا تھا ، مذکورہ رقم کیش اور مائیکرو فنانس اکاؤنٹس کے ذریعے بھیجی گئی۔

حکام کے مطابق ملزم کے قبضے سے کمبوڈیا کا ویزا بھی برآمد کر لیا گیا، ملزم کے موبائل سے 47 سے زائد سائپرس کے ویزے بھی برآمد کر لئے گئے، مذکورہ ویزے پاکستانی اور بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے شہریوں کے نام پر تھے ۔

حکام کاکہنا ہے کہ ملزم برآمد ہونے والے ویزوں کے حوالے سے امیگریشن حکام کو مطمئن نہ کر سکا، ملزم کو مزید کارروائی کیلئے کے اے ایچ ٹی سی کراچی منتقل کر دیا گیا۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں