فیصل آباد پولیس کا علی امین گنڈا پور کیساتھ ناروا سلوک، سکیورٹی بھی فراہم نہ کی

پشاور: (دنیا نیوز) فیصل آباد پولیس نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کے ساتھ عام شہریوں کی طرح برتاؤ کیا اور فیصل آباد میں وزیر اعلیٰ کو کسی قسم کی سکیورٹی بھی فراہم نہ کی گئی۔

سکیورٹی فراہم نہ کرنے پر خیبرپختونخوا حکومت نے شدید برہمی کا اظہار کیا اور وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری نے خط لکھ دیا، خط وزیر اعلیٰ پنچاب مریم نواز کے پرنسپل سیکرٹری ساجد ظفر کو لکھا گیا ہے۔

خط میں شدید ناپسندیدگی اور غیر ذمہ داری کا ذکر کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ علی امین گنڈاپور کے فیصل جانے کے لئے ایک دن قبل خط لکھا کیا گیا جس میں درخواست کی گئی تھی کہ وزیر اعلیٰ کو سکیورٹی فراہم کی جائے۔

پرنسپل سیکرٹری نے خط میں کہا ہے کہ جس طرح خیبرپختونخوا میں پنچاب اور وفاقی وزراء اور افسران کو سکیورٹی فراہم کی جاتی ہے اسی طرح فیصل آباد میں خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ کو بھی سکیورٹی فراہم کرنی چاہیے تھی۔

خط میں مزید کہا گیا ہے کہ سکیورٹی فراہم نہ کرنے سے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کی زندگی کو خطرہ ہوسکتا تھا، درخواست کرتے ہیں کہ ایس ایس پی آپریشنز فیصل آباد کے خلاف کارروائی کی جائے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں