خیبرپختونخوا میں ماربل انڈسٹریوں کو سولر سسٹم دینے کا فیصلہ

پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں زبوں حال ماربل انڈسٹری کی قسمت جاگ گئی، صوبائی حکومت کو ماربل انڈسٹری کا خیال بالآخر آ ہی گیا۔

خیبرپختونخوا حکومت نے صوبہ بھر میں ماربل کارخانوں کو فروغ دینے کیلئے اقدامات شروع کرتے ہوئے ماربل انڈسٹریوں کو سولر سسٹم دینے کا فیصلہ کر لیا۔

مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے کہا ہے کہ ماربل فیکٹریوں کو سولر سسٹم بینک کے ذریعے دیئے جائیں گے، حکومت شرح سود میں فیکٹری مالکان کی معاونت کرے گی، سکیم کو وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور سے منظور کرایا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ تین سال تک حکومت شرح سود میں فیکٹریوں کو سپورٹ کرے گی، شرح سود کی ادائیگی میں ایک ارب 50 کروڑ تک مدد کی جائے گی۔

صوبائی مشیر خزانہ مزمل اسلم نے مزید کہا کہ صوبہ میں 1800 میں سے 1100 ماربل انڈسٹریاں فعال ہیں، بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے ماربل انڈسٹریاں بند ہو رہی ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں