بڈنگ کے ذریعے مفادات کا حصول: پی سی بی آفیشل کیخلاف تحقیقات شروع

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) آفیشل کیخلاف مفادات کے ٹکراؤ کی تحقیقات جاری ہیں۔

بل بورڈ ایڈورٹائزنگ کی بڈنگ میں پی سی بی آفیشل کی کمپنی نے بھی حصہ لیا، حقائق کا علم ہونے پر تحقیقاتی کمیٹی قائم کر دی گئی، اس کی رپورٹ پر ہی کوئی کارروائی ہو سکے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پی سی بی نے آؤٹ ڈور بل بورڈ ایڈورٹائزنگ کی پری کوالیفکیشن کے حوالے سے ایک اشتہار دیا، اس میں جو بڈز جمع کرائی گئیں ان میں شعبہ ایچ آر کے ایک آفیشل کی کمپنی بھی شامل تھی۔

اس کی نشاندہی ہونے پر کمپنی کو بڈنگ سے باہر اور مذکورہ آفیشل کے خلاف مفادات کے ٹکراؤ و دیگر الزامات کی تحقیقات شروع ہو گئیں، اس حوالے سے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی، انہوں نے پہلے تو کمپنی کے ساتھ تعلق سے انکار کیا مگر پھر بعد میں تسلیم کر لیا کہ وہ اس کا بھی حصہ ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ وہ خود بیشتر بڈ کمیٹیز میں شامل ہوتے تھے، آفیشل کے خلاف تحقیقات مکمل ہونے پر ہی کوئی ایکشن لیا جائے گا، بعض ساتھی انہیں بچانے کیلئے بھی سرگرم ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی شفافیت پر یقین رکھتے ہیں، وہ کوئی بھی فیصلہ حقائق جاننے کے بعد میرٹ پر ہی کریں گے، اگر کوئی کسی غلط کام میں ملوث پایا گیا تو اسے کسی صورت معاف نہیں کریں گے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں