پولیس کی جانب سے تھانے کا بل ادا نہ کرنے کا معاملہ عدالت تک پہنچ گیا

اتر پردیش: (ویب ڈیسک) بھارت میں پولیس کی جانب سے تھانے کا 2 روپے واجب الادا بل نہ دینے پر ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی عدالت پہنچ گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کی ریاست اتر پردیش کے ضلع مرزا پور میں ایسے 10 تھانے موجود ہیں جن پر کمیونیکیشن کمپنی کے سالوں سے بقایا بل ہیں لیکن حکام کی جانب سے ادائیگی نہیں کی جا رہی۔

ان تھانوں کو کمپنی کے محض 248 روپے بل کی مد میں ادا کرنے ہیں جبکہ ایک تھانے کو صرف 2 روپے دینے ہیں، لیکن پولیس حکام کی جانب سے ادائیگی نہ ہونے پر اب معاملہ عدالت جا پہنچا ہے۔

ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی نے کئی بار پولیس حکام کو اس حوالے سے نوٹسز ارسال کئے لیکن کوئی جواب نہیں دیا گیا، ضلع کے لال گنج تھانے پر سب سے کم اور کٹرا کوتوالی تھانے پر سب سے زیادہ بقایا بل ہے۔

لال گنج تھانہ پر 2، وندھیاچل، مڑیہان اور چیلھ پر 4-4، جگنا تھانے پر 5، کچھواں تھانے پر 7، چنار تھانے پر 14، دیہات کوتوالی تھانے پر 34، شہر کوتوالی تھانے پر 54 اور کٹرا کوتوالی تھانے پر 120 روپے بل بقایا ہے۔

ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی کے مرزاپور کے ڈپٹی جنرل منیجر نے عدالت کو خط لکھا کہ 10 تھانوں پر 248 روپے بقایا ہیں لیکن کئی سالوں سے اس کی ادائیگی نہیں کی گئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں