خیبر پختونخوا :گرڈ سٹیشنوں پر حملے روکنے کیلئے ایف سی تعینات کرنے کا امکان

اسلام آباد (ذیشان یوسفزئی) خیبرپختونخوا میں گرڈز سٹیشن پر حملوں اور ٹیک اوور کے واقعات کے پیش نظر وفاقی حکومت نے ایف سی تعینات کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

پاور ڈویژن نے پیسکو کے چیئرمن بورڈ کو بذریعہ خط آگاہ کر دیا، خط کے مطابق گرڈ سٹیشنز پر حملے کرنے والوں کے خلاف بلا خوف ایف آئی آر درج کرائی جائے گی اور اگر مقامی پولیس کارروائی سے کتراتی ہے یا کوئی اور مسئلہ ہو تو پیسکو عملہ داد رسی کیلئے سیشن جج کے پاس جائے گا۔

خط کے متن میں لکھا گیا کہ اگر پھر بھی معاملہ حل نہ ہو تو پشاور ہائی کورٹ سے رجوع کیا جائے گا اور معاملہ پشاور ہائی کورٹ سے تجربہ کار قانونی مشیر کے ذریعے حل طلب کیا جائے گا، پشاور کے ایم پی اے اور درگئی کے تحصیل ناظم کے واقعے پر بھی کارروائی ہوگی۔

پاور ڈویژن کے خط میں لکھا گیا کہ پیسکو کے گرڈز اور دیگر تنصیبات کی حفاظت کیلئے فرنٹیئر کانسٹبلری کی خدمات لی جائے گی اور پاور ڈویژن وزرات داخلہ کے ساتھ معاملہ اٹھائی گی، گرڈ سٹیشنوں پر حملہ اور قبضہ کرنے والوں کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی جاری کی جائیں گی۔

خط میں مزید بتایا گیا کہ گرڈ سٹیشنوں پر حملوں میں ملوث افراد کو پرنٹ میڈیا پر بھی بے نقاب کیا جائے گا، پیسکو ایک سیکشن آفیسر کو ترجمان مقرر کرے اور ترجمان بجلی چوری کے واقعات بے نقاب کرے گا اورگرڈز پر حملہ کرنے والے کو بھی بے نقاب کرے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں