وزیر خزانہ سے پاک عمان انویسٹمنٹ کمپنی کے چیئرمین کی ورچوئل میٹنگ، تجارت بڑھانے پر تبادلہ خیال

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے پاک عمان انویسٹمنٹ کمپنی کے چیئرمین نے ورچوئل میٹنگ کی، ملاقات میں دو طرفہ کاروباری تعاون کو وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا، سرمایہ کاری اور تجارتی بہاؤ کو بڑھانے کے طریقوں پر بھی بات چیت کی گئی۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے معیشت کو مستحکم کرنے کی پیشرفت پر روشنی ڈالی، وزیر خزانہ نے میکرو اکنامک اشاریوں میں بہتری سے آگاہ کیا اور توانائی اور ٹیکس سسٹم میں جاری اصلاحات کا بتایا، نجکاری اور حکومت کے سائز کو کم کرنے کے حوالے سے بھی بریفنگ بھی دی۔

ورچوئل ملاقات کے دوران وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت اصلاحاتی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے پُرعزم ہے۔

پی او آئی سی چیئرمین نے معاشی استحکام کے حکومتی اقدامات کو سراہا، انہوں نے پاکستان کے لیے اپنی گہری محبت کا اظہار کیا اور کہا کہ ہمارے تاجر بھی پاکستان کو ایک برادر ملک سمجھتے ہیں۔

چیئرمین پی او آئی سی نے کہا کہ ہمارے تاجر پاکستان کو سرمایہ کاری کیلئے ممکنہ جگہ کے طور پر دیکھتے ہیں، مزید مواقع پیدا ہونے سے مزید کاروباری اشتراک عمل میں آئے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں