خیبرپختونخوا: جامعات کی اراضی کو فروخت کرنے کا عملی کام شروع
پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں جامعات کی اراضی کو فروخت کرنے کا عملی کام شروع کر دیا گیا۔
دستاویز کے مطابق جامعات کی اراضی کو فروخت کرنے معاملے پر حکومتی 12 ممبران پر مشتمل منسٹریل کمیٹی نے ہوم ورک مکمل کر لیا، کمیٹی کا چیئرمین معاون خصوصی انسداد بدعنوانی مصدق عباسی کو مقرر کیا گیا ہے۔
کمیٹی میں وزیر صحت، وزیر تعلیم، وزیر خوراک، کمشنر مردان سمیت دیگر شامل ہیں تاہم کمیٹی میں متعدد محکموں کے سیکرٹری اور جامعات کے وائس چانسلرز کو بھی شامل کیا گیا ہے، چیئرمین منسٹریل کمیٹی نے ایڈووکیٹ جنرل کو دو ہفتوں کے اندر مجوزہ قانون بنانے کا ٹاسک بھی دے دیا۔
کمیٹی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ایڈووکیٹ جنرل جامعات کی اراضی کو فروخت یا لیز پر دینے کی تجاویز دیں، تجاویز تیار کرتے وقت جامعات کی پرائیویسی کو راز میں رکھا جائے۔
دوسری جانب مردان انتظامیہ نے باچا خان ایجوکیشن کمپلیکس کی دوبارہ پیمائش مکمل کر لی، پیمائش میں اضافی اراضی کی نشاہدہی ریونیو اہلکاروں کی مدد سے کی گئی ہے۔
علاوہ ازیں ایم ٹی آئی مردان نے اپنی زمین کو فروخت کرنے کی مخالفت کر دی اور کہا ہے کہ زمین فروخت کرنے سے ایم ٹی آئی مردان کا ماسٹر پلان متاثر ہو سکتا ہے جبکہ کمیٹی چیئرمین نے دوبارہ فیصلے پر نظر ثانی کی ہدایت کی ہے۔