ہماری جنگ شروع، اب ہم مزاحمت کی طرف جارہے ہیں : اسد قیصر

پشاور:(دنیا نیوز)رہنما تحریک انصاف اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرنے کہا ہے کہ ہماری جنگ شروع ہوگئی ، اب ہم مزاحمت کی طرف جارہے ہیں۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا تھاکہ سینیٹ میں خیبر پختونخوا کی نمائندگی نہ ہو یہ کیسا اتفاق ہے، اس وقت حالات اتنے خطرناک ہیں کہ بلوچستان میں عملی طور پر حکومت کی رٹ ختم ہو چکی ہے۔

انہوں نے پارٹی رہنماؤں کی گرفتاریوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اب ہماری جنگ شروع ہوگئی ہے، اب ہم مزاحمت کی طرف جا رہے ہیں، آئین وقانون کےاندررہ کر جدوجہد کریں گے۔

اسد قیصر کا کہنا تھا کہ اسلام آباد جلسے کے لئے پوری پنڈی ڈویژن کو سیل کیا گیا، رکاوٹیں کھڑی کرکے توہین عدالت اور قانونی کی خلاف ورزی آپ نے کی ہے، اسلام آباد جلسے کے حوالے سے ہمیں کمشنر اور پولیس آفیشل کے خلاف عدالت جانا چاہیے۔

رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ اپنے حدود سے باہر جانے والے اداروں کو روکنا ہوگا، یہ ادارے ہمارے بچوں کا مستقبل تباہ کرنے جا رہے ہیں، تمام ادارے اگر قانون کے اندر ہوں وہ ہمارے لئے قابل احترام ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھاکہ پختونخوا کے ورکرز مایوس ہیں، ہم عدالتوں کے علاوہ سڑکوں ہر بھی نکلیں گے، بانی پی ٹی آئی اور ساتھیوں کی رہائی ہمارا پہلا مطالبہ ہے۔

دوسری جانب سیکرٹری جنرل تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ جہاں ہم جلسےکا اعلان کرتے ہیں وہاں پرساری پولیس پہنچ جاتی ہے، علی امین گنڈا پوراپنا تفصیلی موقف اسمبلی میں پیش کریں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں