پی ٹی آئی 10 ستمبرجمہوریت کے سیاہ دن کے طور پر منائے گی: بیرسٹر گوہر
اسلام آباد :(دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا ہے کہ 10 ستمبر پاکستان کی جمہوریت کا سیاہ دن کے طور پر منایا جائے گا۔
انسداد دہشتگردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف پی ٹی آئی سانحہ 10 ستمبر کبھی نہیں بھولے گی۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ رات اسلام آباد پولیس نے مجھے اور شیر افضل مروت کو گرفتار کیا تھا، ان کے علاوہ شعیب شاہین سمیت دیگر رہنماؤں کو بھی پارلیمنٹ سے گرفتار کیا گیا، میں نے پارلیمنٹ میں خود گاڑی سے باہر آکر گرفتاری دی، ہمارے لوگوں کو نقاب پوشوں نے گرفتار کیا، لوگوں کی گرفتاری کو ہم پارلیمان پر حملہ سمجھتے ہیں۔
مرکزی رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ مجھے گرفتار کرکے تھانےمیں رکھا گیا، بعد میں مجھے بتایا گیا کہ آپ کی گرفتاری مطلوب نہیں تھی۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ انتخابات میں دھاندلی کے باوجود ہم پارلیمان میں رہے، ہم پارلیمان میں عوام کی اصل نمائندگی چاہتے تھے۔
بیرسٹر گوہر نے لاہور جلسے کے حوالے سے کہا کہ ہمارے جلسے آئین وقانون کے مطابق ہوں گے، ہمارے جلسوں کے شیڈول میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا ہر شہری پارلیمان پر حملے کی مذمت کرتا ہے، ایوان کی توہین ہوئی ہے، سپیکر پر لازم ہے کہ کارروائی کریں۔
مرکزی رہنما تحریک انصاف نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے گرفتار رہنماؤں کا جسمانی ریمانڈ دیا گیا جسے ہائی کورٹ میں چیلنج کریں گے۔