سینیٹ میں لیگی ارکان کی کارکردگی رپورٹ وزیراعظم اور نواز شریف کو پیش
اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹ میں لیگی ارکان کی کارکردگی سے متعلق رپورٹ وزیراعظم شہباز شریف اورپارٹی صدر میاں نوازشریف کو پیش کردی گئی۔
پارٹی ذرائع کے مطابق رپورٹ میں سینیٹر اسحاق ڈار اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان کی پارلیمانی کارکردگی غیر تسلی بخش قرار دی گئی ہے، اسحاق ڈار قائد ایوان اور وزارت خارجہ کی دہری ذمہ داری ہونے کے باعث سینیٹ کو باقاعدہ وقت نہیں دے پا رہے جبکہ سیدال خان کا چیمبر لیگی اراکین کی ہاؤس بزنس میں معاونت نہیں کرتا۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر دفتری اوقات کار کے بجائے شام کو دفتر بیٹھتے ہیں، تحریک انصاف کے 17 سینیٹرز حکومتی اتحاد کے 59 سینیٹرز پر بھاری ہیں، لیگی سینیٹرز اپوزیشن کے مقابلے میں ناکام نظر آتے ہیں۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی سینیٹرز کے جارہانہ رویئے کے مقابلے کے لیے پارٹی میں کوئی مضبوط آوازنہیں ، لیگی سینیٹرز کی اکثریت حکومت اور پارٹی کے بیانیے کو اجاگر کرنے میں دلچسپی نہیں لیتی۔
لیگی ذرائع کے مطابق پارٹی کو سینیٹ میں سینیٹر مشاہداللہ خان مرحوم جیسی توانا آواز اور متحرک کردار کی ضرورت ہے،مسلم لیگ ن کی قیادت کی جانب سے پارٹی سینیٹرز کو متحرک اور فعال کردار ادا کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔