چیمپئنز ٹرافی کیلئے پاکستان کے سکیورٹی انتظامات تسلی بخش قرار
لاہور: (دنیا نیوز) آئی سی سی نے چیمپئنز ٹرافی کیلئے پاکستان کے سکیورٹی انتظامات کو تسلی بخش قرار دیدیا۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) کے وفد نے ملاقات کی جس میں چیمپئنز ٹرافی بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کےد وران چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے سکیورٹی انتظامات پر بھی بات چیت کی گئی، آئی سی سی وفد نے کراچی اور راولپنڈی میں چیمپئنز ٹرافی کیلئے کئے گئے سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا، چیئرمین پی سی بی نے آئی سی سی وفد کو چیمپئنز ٹرافی کے لئے عالمی معیار کے سکیورٹی انتظامات کی یقین دہانی کرائی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ سٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کا کام چیمپئنز ٹرافی سے قبل ہر صورت مکمل کر لیا جائے گا، اپ گریڈیشن کے بعد سٹیڈیمز میں بین الاقوامی معیار کی سہولتیں ہوں گی اور شائقین کرکٹ میچز سے زیادہ محظوظ ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کا پاکستان میں انعقاد ایک اعزاز ہے، جتنا بڑا ٹورنامنٹ ہے اس کے مطابق انتظامات کو حتمی شکل دے رہے ہیں، تمام ٹیموں کے لئے فول پروف سکیورٹی انتظامات کئے جائیں گے۔
وفد میں آئی سی سی کی سینئر منیجر ایونٹس سارہ ایڈگر، ایونٹ منیجر و چیمپئنز ٹرافی ایونٹ لیڈ عون محمد زیدی، جنرل منیجر کرکٹ وسیم خان، سکیورٹی منیجر ڈیوڈ مسکر، براڈ کاسٹ کنسلٹنٹ منصور منج شامل تھے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ عثمان واہلہ، ڈائریکٹر سکیورٹی کرنل ریٹائرڈ خالد محمود اور ہیڈ آف مارکیٹنگ سلمان مسعود بھی اس موقع پر موجود تھے۔