ایرانی رہنما کی غیر ملکیوں اور سیاسی قیدیوں سمیت ہزاروں افراد کیلئے معافی کا اعلان
تہران: (ویب ڈیسک) ایران کے اعلیٰ رہنما خامنہ ای نے ہزاروں قیدیوں کو معاف کر دیا ہے جن میں غیر ملکی اور ایسے افراد شامل ہیں جن پر ریاست مخالف جرائم کا الزام ہے۔
ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی اِرنا کی رپورٹ کے مطابق عدلیہ کے سربراہ غلام حسین محسنی کی تجویز کے بعد علی خامنہ ای نے 2,887 قیدیوں کی سزائیں معاف اور کم کرنے پر اتفاق کیا، ارنا نے کہا کہ 59 افراد کی سزائے موت کو قید میں تبدیل کر دیا گیا۔
جاری کردہ رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ معافی پانے والوں میں 39 ایسے افراد جو ریاست مخالف جرائم کے مرتکب ہوئے اور 40 غیر ملکی شہری شامل ہیں، رپورٹ میں مزید وضاحت نہیں کی گئی۔
واضح رہے کہ خامنہ ای جو تمام ریاستی معاملات پر حتمی فیصلہ دیتے ہیں، بعض مواقع پر قیدیوں کو معاف کر دیتے ہیں، ان میں پیغمبر اسلام محمدﷺ کا یومِ ولادت یعنی 12 ربیع الاول کا موقع بھی شامل ہے۔