ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ: جنوبی افریقہ نے ویسٹ انڈیز کو 10 وکٹوں سے ہرا دیا
دبئی: (دنیا نیوز) آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کے تیسرے میچ میں جنوبی افریقہ نے ویسٹ انڈیز کو 10 وکٹوں سے شکست دے دی۔
دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں ہونیوالے میچ میں جنوبی افریقہ ویمنز ٹیم نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز ویمنز ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی تاہم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز ویمنز ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 118 رنز بنائے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے اسٹیفنی ٹیلر 44رنز بنا کر نمایاں رہیں جبکہ جنوبی افریقہ کی جانب سے ملابا نے 4وکٹیں حاصل کیں۔
جنوبی افریقہ ویمنز ٹیم نے 119رنز کا ہدف بغیر کسی نقصان کے 17.5اوورز میں حاصل کرلیا، جنوبی افریقہ کی جانب سے کپتان وولوارڈٹ 59 اور تزمین برٹس 57 رنز بنا کر ناقابل شکست رہیں۔