انوکھی نوسربازی: جوان ہونے کے لالچ میں بوڑھے کروڑوں گنوا بیٹھے
اترپردیش :(ویب ڈیسک ) بھارتی صوبے اترپردیش میں ایک جوڑے نے ادھیڑ عمر کے لوگوں کو 'اسرائیل کی تیار کردہ ٹائم مشین' کے ذریعہ نوجوان بنانے کا وعدہ کرکے کروڑوں لوٹ لیے۔
بھارتی پولیس کے مطابق اس جوڑے نے اپنے صارفین سے وعدہ کیا تھا کہ وہ ’آکسیجن تھراپی‘ کے ذریعے عمر دراز لوگوں کے بڑھاپے کو جوانی میں بدل دیں گے۔
پولیس نے بتایا کہ راجیو کمار دوبے اور ان کی اہلیہ رشمی دوبے نے کانپور کے قدوائی نگر علاقے میں ایک تھراپی سینٹر کھولتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ اسرائیل سے ایک مشین لائی جائے گی جو 60 سال کے بوڑھے کو 25 سال کے نوجوان میں بدل دے گی۔
قدوائی نگر میں کرائے پر رہنے والے اس جوڑے نے لوگوں کو یہ کہہ کر گمراہ کیا کہ آلودہ ہوا کی وجہ سے وہ تیزی سے بوڑھے ہو رہے ہیں اور ’آکسیجن تھراپی‘ انہیں چند ماہ میں نوجوان کر دے گی۔
دھوکہ دہی کا شکار ہونے والوں میں سے ایک رینو سنگھ نے پولیس میں شکایت درج کرائی، جس میں الزام لگایا کہ اس کے ساتھ 10.75 لاکھ روپے کا دھوکہ کیا گیا، انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ سینکڑوں لوگوں کو تقریباً 35 کروڑ روپے کا دھوکہ دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ جوڑے نے دوسرے گاہکوں کو لانے والوں کے لیے رعایت کی پیشکش بھی کی، اس طرح یہ گھپلا ایک پیرامڈ سکیم میں تبدیل ہو گیا۔
سینئر پولیس اہلکار انجلی وشوکرما نے کہا اس جوڑے نے 10 سیشنز کے لیے 6000 روپے اور تین سال کے خصوصی پیکج کے لیے 90000 روپے کی فیس رکھی تھی۔
ڈپٹی کمشنر آف پولیس انکیتا شرما نے کہا کہ اس دھوکہ دہی کے دو درجن سے زیادہ متاثرین ہو سکتے ہیں، قدوائی نگر پولیس سٹیشن میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے اور جوڑے کی تلاش جاری ہے، انہیں ملک سے فرار ہونے سے روکنے کے لیے ہوائی اڈوں کو بھی الرٹ کردیا گیا ہے۔