روٹ ٹیسٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانیوالے برطانوی بلے باز بن گئے

ملتان: (ویب ڈیسک) ملتان میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ میں تیسرے روز سابق انگلش ٹیسٹ کپتان جو روٹ 35 ویں سنچری بنا کر سب سے زیادہ رنز بنانے والے برطانوی بلے باز بن گئے۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والے ٹیسٹ میچ میں جو روٹ نے اس اننگز کے دوران انگلینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز سکور کرنے والے بلے باز کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔

ان سے پہلے یہ ریکارڈ بائیں ہاتھ کے بلے باز الیسٹر کک کے نام تھا۔

الیسٹر کک نے انگلینڈ کے لیے 2006 سے 2018 کے دوران 161 ٹیسٹ کی 291 اننگز میں 12472 رنز 45.35 کی اوسط سے بنائے تھے جن میں الیسٹر کک کی 33 سنچریاں اور 57 نصف سنچریاں شامل تھیں۔

دائیں ہاتھ کے بلے باز جو روٹ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز سکور کرنے والے بلے بازوں میں اب پانچویں نمبر پر آ گئے ہیں۔

یارکشائر کاؤنٹی سے تعلق رکھنے والے جو روٹ نے دسمبر 2012 میں پہلا ٹیسٹ ناگپور میں بھارت کے خلاف کھیلا تھا۔

پہلی اننگز میں روٹ نے 73 اور دوسری اننگز میں ناٹ آوٹ 20 رنز بنائے تھے۔

30 دسمبر 1990 کو پیدا ہونے والے جوزف ایڈورڈ روٹ کے کیریئر کا یہ 147 واں ٹیسٹ ہے جبکہ ٹیسٹ کرکٹ میں ان کا اگلا ہدف 13 ہزار رنز تک رسائی ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں