سپریم کورٹ: پی ٹی آئی کی انٹرا پارٹی الیکشن کیس کی سماعت ملتوی کرنے کیلئے درخواست دائر

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے انٹرا پارٹی الیکشن نظر ثانی کیس کی سماعت ملتوی کرنے کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ جمعہ کے روز ایڈووکیٹ حامد خان کی لاہور میں فیملی مصروفیت ہے جبکہ چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں 3 رکنی خصوصی بنچ نے کل (جمعہ) کو سماعت کرنی ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ ایڈووکیٹ حامد خان پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن کیس میں پیش نہیں ہو سکتے، مخالف وکلاء کو بذریعہ ایڈووکیٹ آن ریکارڈ ایڈووکیٹ حامد خان کی عدم دستیابی کے بارے میں آگاہ کر دیا گیا ہے، عدالت سے استدعا ہے کہ پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن نظرثانی کیس کی سماعت ملتوی کی جائے۔

واضح رہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس عائشہ ملک نے کل (جمعہ) کو اس کیس کی سماعت کرنی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں