فیس بک پر متعدد نئے فیچرز کی آزمائش شروع
کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) دنیا کی سب سے بڑی سوشل ویب سائٹ فیس بک پر متعدد نئے فیچرز کی آزمائش شروع کر دی گئی، جنہیں کامیاب آزمائش کا بعد ویب سائٹ کا حصہ بنا دیا جائے گا۔
میٹا کے مطابق فیس بک پر ’لوکل اور ایکسپلور‘ نامی ٹیبز کی آزمائش کی جا رہی ہے، ساتھ ہی میں ویب سائٹ پر آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) سرچ کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔
اے آئی کو بہتر بنائے جانے کے بعد میٹا اے آئی کے تحت پوسٹس، اکاؤنٹس اور دیگر معلومات کو فیس بک پر تلاش کرنا آسان ہو جائے گا، علاوہ ازیں اسی ٹول کے تحت فیس بک پر اے آئی کی مدد سے کئے گئے کمنٹس کو بھی تلاش کیا جا سکے گا۔
کمپنی کے مطابق فیس بک پر ’لوکل ٹیب‘ کی آزمائش بھی شروع کر دی گئی، جس کے تحت صارفین کو ان کی لوکیشن کے حساب سے مواد دکھایا جائے گا، اس فیچر کے تحت ہر شہر، خطے، ملک اور صوبے کے صارفین کو اپنے علاقے کا مواد زیادہ نظر آنے لگے گا۔
میٹا نے بتایا کہ لوکل ٹیب کیلئے فیس بک کے دیگر حصوں جیسے مارکیٹ پلیس، لوکل گروپس اور ایونٹس سے مواد اکٹھا کر کے اسے ٹیب کا حصہ بنایا جائے گا۔
اسی طرح فیس بک پر ’ایکسپلور‘ نامی ٹیب کی آزمائش بھی شروع کر دی گئی ہے۔
یہ انسٹاگرام ایکسپلور جیسا فیچر ہے، جس میں دکھائی جانے والی فوٹوز، ویڈیوز اور دیگر مواد کو صارف کی دلچسپیوں کو مدنظر رکھ کر دکھایا جائے گا، اس ٹیب پر کلک کر کے صارفین مختلف طرح کا مواد دیکھ اور تلاش کر سکیں گے۔
علاوہ ازیں فیس بک میسینجر میں کمیونٹیز کے فیچرز کو بھی پیش کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔