سندھ حکومت نے چھوٹے کاشتکاروں کیلئے ہاری کارڈ کا اجراء کر دیا

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ حکومت نے سبز انقلاب کےلیے ایک اور اہم اقدام اٹھاتے ہوئے چھوٹے کاشتکاروں کی امداد کے لیے بینظیر ہاری کارڈ کا اجراء کردیا۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بینظیر ہاری کارڈ کا افتتاح کیا، سندھ کابینہ نے 23 ستمبر 2024 کو بینظیر ہاری کارڈ کے اجرا کی منظوری دی تھی۔

ہاری کارڈ کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ بینظیر ہاری کارڈ کےلیے 14 لاکھ 4 ہزار 422 چھوٹے کاشتکاروں کی رجسٹریشن کی گئی ہے، رجسٹرڈ کاشتکاروں میں 72 فیصد ایک سے ساڑھے 12 ایکڑ تک زمین کے مالکان ہیں، بینظیر ہاری کارڈ کے ذریعے کاشتکاروں کو فوری نقد امداد اور نرم شرائط پر قرضے ملیں گے۔

انہوں نے کہا کہ معیاری بیجوں، کھاد اور گندم کی سرکاری خریداری میں کارڈ ہولڈرز کو ترجیح دی جائے گی، زرعی مشینری، سولر ٹیوب ویلز اور بھل صفائی میں مدد دی جائے گی، انتہائی چھوٹے، چھوٹے اور درمیانے زرعی کاروبار کےلیے قرضے کی سہولت دی جائے گی، فصلوں کی انشورنس ہوگی اور قدرتی آفات کی صورت میں ٹارگٹڈ امداد ملے گی۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ساڑھے 12 ایکڑ والے کاشت کاروں کو ایک سے 2 ہزار فی ایکڑ نقد امداد ملے گی، 25 ایکڑ سے زیادہ والے ہاریوں کو 500 سے 1000 روپے فی ایکڑ مالی امداد دی جائےگی، ہاری کارڈ متعلقہ سطح پر اسسٹنٹ کمشنر کی سربراہی میں کمیٹی جاری کرے گی، ضلعی سطح پر ڈپٹی کمشنر اور ڈویژنل سطح پر ڈویژنل کمشنر کمیٹیوں کے سربراہ ہونگے، وزارتی کمیٹی کارڈ کے اجراء کے عمل کی نگرانی کرے گی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں