مولانا فضل الرحمان سے بلاول کی ملاقات، مجوزہ آئینی ترمیم کے حوالے سے تبادلہ خیال

کراچی:(دنیا نیوز) جمعیت علما اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو سے ملاقات کی ہے، اور اس دوران مجوزہ آئینی ترمیم کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔

سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو سے ملاقات کے لیے بلاول ہاؤس کراچی پہنچے۔

دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیاکہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اجلاس کا پاکستان میں انعقاد خوش آئند ہے، اور یہ خطے کے استحکام میں معاون ثابت ہوگا۔

ملاقات کے دوران پیپلزپارٹی کے وفد میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، پیپلزپارٹی شعبہ خواتین کی صدر فریال تالپور، نثار کھوڑو، شازیہ مری، سید نوید قمر اور مرتضیٰ وہاب شامل تھے۔

دوسری جانب جمعیت علما اسلام کے وفد میں سابق وفاقی وزیر مولانا اسعد محمود، مولانا ضیاالرحمان، راشد محمود سومرو، ناصر محمود سومرو، کامران مرتضیٰ، مفتی ابرار، مولانا اسجد، مولانا عبیدالرحمان اور عثمان بادینی بھی شامل تھے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز مولانا فضل الرحمان نے کہا تھا کہ ہم آئینی ترمیم کے مسودے پر اتفاق رائے کے قریب پہنچ چکے ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں