ایران نے یورپی یونین اور برطانیہ کی پابندیاں بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیدیں

تہران: (ویب ڈبیسک) ایران نے یورپی یونین اور برطانیہ کی پابندیوں کی مذمت کی ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل باغائی نے روس کو میزائلوں اور ڈرونز کی مبینہ منتقلی پر بعض ایرانی افراد اور اداروں کے خلاف یورپی یونین اور برطانیہ کی جانب سے عائد کردہ نئی پابندیوں کی شدید مذمت کی ہے۔

ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل باغائی نے یورپی یونین اور برطانیہ کے اقدامات کو غیر منصفانہ، بین الاقوامی قوانین اور خاص طور پر انسانی حقوق کے خلاف قرار دیتے ہوئے پابندیوں کو غیر حقیقی اور بے بنیاد قرار دیا۔

انہوں نے کہاکہ تنازع کے آغاز کے بعد سے ایران نے روس اور یوکرین کے درمیان اختلافات کے سفارتی حل پر زور دیا ہے اور جنگ اور تنازعات کی مخالفت کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے اسرائیل کو مہلک ہتھیار فراہم کرنے میں برطانیہ اور جرمنی سمیت بعض یورپی ممالک کے ملوث ہونے کی طرف بھی اشارہ کیا جو غزہ اور لبنان میں نسل کشی اور جارحیت میں استعمال ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ ممالک فلسطینی اور لبنانی عوام کے خلاف اسرائیل کے جرائم میں شریک ہیں، انہوں نے اپنے قومی مفادات، سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے روس سمیت دیگر ممالک کے ساتھ فوجی تعاون میں شامل ہونے کے ایران کے ناقابل تسخیر حق کو اجاگر کیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ایران یورپی یونین کی غیر قانونی اور بلاجواز پابندیوں کے خلاف جوابی اقدامات کرنے اورجواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں