ایران کا لبنان اور غزہ میں جنگ بندی کی تجاویز کا خیرمقدم
تہران: (دنیا نیوز) ایران نے لبنان اور غزہ میں جنگ بندی کی تجاویز کا خیر مقدم کیا ہے۔
خطے میں ہونے والی غیر معمولی کشیدگی کی روشنی میں اسرائیل اور ایران کی باہمی دھمکیوں کے تبادلے کے درمیان تہران نے تصدیق کی ہے کہ وہ قیام امن اور جنگ بندی کے لیے کسی بھی تجویز کا خیرمقدم کرتا ہے۔
ایرانی حکومت کی ترجمان فاطمہ مہاجرانی نے کہا کہ ان کا ملک امن اور جنگ بندی کی کسی بھی تجویز کا خیر مقدم کرتا ہے اور غزہ اور لبنان کے حالات کو بہتر بنانے کے لیے ان میں کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا ہے کہ ایران نے کبھی کسی ملک کے خلاف جنگ شروع نہیں کی، ساتھ ہی انہوں نے زور دیا کہ وہ اپنے دفاع کی صلاحیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم جواب دینے میں ہچکچاہٹ کا مظاہرہ یا جلدی نہیں کریں گے بلکہ ہم کسی بھی حملے کا مناسب وقت اور جگہ پر جواب دیں گے، انہوں نے مزید کہا کہ واشنگٹن اور تل ابیب کے درمیان کسی بھی قسم کی مشاورت سے قطع نظر ایران ضرورت پڑنے پر کسی بھی ردعمل کے لئے تیار ہے۔