صدر آزاد کشمیر سے انجینئر امیر مقام کی ملاقات، مسئلہ کشمیر کے حل پر تبادلہ خیال
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چودھری سے وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی، اس موقع پر آزادکشمیر کی سیاسی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔
بیرسٹر سلطان محمود چودھری نے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں وکشمیر میں کشمیریوں پر ظلم و جبر جاری رکھے ہوئے ہے اور مظلوم کشمیریوں پر عرصہ حیات تنگ کر رکھا ہے، بھارت نے حال ہی میں مقبوضہ جموں وکشمیر میں جعلی انتخابات کا ڈھونگ رچا کر دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت اپنے ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے مسئلہ کشمیر کو ختم نہیں کر سکتا، لہٰذا ایسے حالات میں مسئلہ کشمیر کے حل اور مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم پر مؤثر انداز میں آواز اُٹھائی جائے گی اور دنیا کو بھارت کا مکروہ چہرہ دکھائیں گے۔
وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے بیرسٹر سلطان محمود چودھری کو مسئلہ کشمیر کے حل اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم پر اپنی سیاسی و سفارتی حمایت کا یقین دلایا۔