جوش انگلس آسٹریلیا کی وائٹ بال ٹیم کے نئے کپتان مقرر

میلبرن: (ویب ڈیسک) پاکستان کیخلاف ٹی20 سیریز کے آغاز سے قبل کرکٹ آسٹریلیا نے پیٹ کمنز کی جگہ جوش انگلس کو وائٹ بال ٹیم کا کپتان مقرر کردیا۔

آسٹریلیا کے وکٹ کیپر بیٹر جوش انگلس پاکستان کیخلاف آئندہ تین میچز پر مشتمل ٹی 20 سیریز کیلئے وائٹ بال ٹیم کے کپتان ہوں گے جبکہ دلچسپ بات یہ ہے کہ وہ آخری ون ڈے میں بھی ٹیم کی قیادت کے فرائض سرانجام دیں گے۔

پاکستان کیخلاف جاری ون ڈے سیریز کے آخری میچ میں آسٹریلیا کے سینئر پلئیرز کپتان پیٹ کمنز، مارنوس لبوشین، سٹیو سمتھ، مچل سٹارک اور جوش ہیزل ووڈ کھیلنے سے محروم رہیں گے کیونکہ انہیں بھارت کیخلاف بارڈر گواسکر ٹرافی میں حصہ لینا ہے۔

نائب کپتان مچل مارش کی عدم دستیابی اور پیٹ کمنز کے بارڈر گواسکر ٹرافی میں شریک ہونے کی وجہ سے جوش انگلس کو وائٹ بال ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے، جنہیں ڈومیسٹک کرکٹ میں قیادت کی ذمہ داریاں ادا کرنے کا تجربہ ہے۔

سلیکشن کمیٹی کے سربراہ جارج بیلی نے کپتان کے نام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جوش انگلس ون ڈے اور ٹی20 سکواڈ کے لازمی رکن ہیں انہیں آسٹریلیا اے سمیت ڈومیسٹک میں کپتانی کا تجربہ ہے۔

سینئر پلیئرز کی عدم موجودگی کے باعث تیز گیند باز زاویئر بارٹلیٹ اور سپینسر جانسن کو وکٹ کیپر بیٹر جوش فلپس کے ساتھ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں