تحریک انصاف کی سیاست سڑک چھاپ سیاست سے بھی بدتر ہوچکی : عظمیٰ بخاری

لاہور : (دنیانیوز) وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کی سیاست "سڑک چھاپ"سیاست سے بھی بدتر ہوچکی ہے ۔

ایک بیان میں صوبائی وزیراطلاعات نے تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی سیاسی پیدائش احتجاج، دھرنے اور جلسوں کی شرط پر ہوئی تھی، ایمپائر کی انگلی، سازشی کردار اور سہولتکاری بانی پی ٹی آئی کی سیاست کا قبلہ رہے، چور چور کی گردان کرنے والے کا اپنا پورا ٹبر چوری میں رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ قوم کے بچوں کو اپنے اقتدار کی ہوس میں جھونکا کر اپنے بچے لندن میں لگژری لائف سٹائل انجوائے کررہے ہیں ، تحریک انصاف کی سیاست "سڑک چھاپ"سیاست سے بھی بدتر ہوچکی، نوازشریف نے کہا تھا ہم سڑکیں بناتے جائیں گے تم سڑکیں ناپتے جاؤ گے۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پنجاب کی ترقی فتنہ پارٹی سے ہضم نہیں ہورہی، مریم نواز پنجاب میں تاریخی اور انقلابی اقدامات کررہی ہیں ، مریم نواز نے چند ماہ میں پنجاب کے ہر طبقے اور ہر شعبے کے لیے ریلیف پیکج اور منصوبے شروع کیے ہیں۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی سیاسی زندگی ڈھیل اور ڈیل کے گرد گھومتے گزری ہے ، ملک میں خوشحالی لوٹ رہی ،  سرمایہ کاری آرہی ہے، فتنے اور اس کی جماعت کو احتجاج،احتجاج اور احتجاج کے خواب آرہے ہیں ، سیاسی لوگ سیاسی جدوجہد کرتے ہیں ، سیاست کی آڑ میں فیڈریشن پر چڑھائی کے خواب نہیں دیکھتے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ پرامن احتجاج کی آڑ میں شرپسندی پھیلانے کی اجازت ہرگز نہیں دیں گے، جو قانون توڑے گا اور شہریوں میں خوف و ہراس پھیلائے گا اس سے سختی سے نمٹا جائے گا۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں