مودی سرکارکا منی پور میں مزید 5 ہزار فوجی تعینات کر نے کا اعلان
نئی دہلی: (ویب ڈیسک) مودی سرکار نے منی پور میں مزید 5 ہزار فوجی تعینات کرنے کا اعلان کیا ہے۔
بھارت کی مرکزی حکومت نے شورش زدہ ریاست منی پور میں نریندر مودی کی جماعت بی جے پی کے کئی رہنماؤں کے گھروں پر حملوں اور تازہ جھڑپوں میں 16 افراد کے قتل کے ایک ہفتے بعد مزید 5 ہزار فوجی تعینات کرنے کا اعلان کیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق شمال مشرق ریاست منی پور میں گزشتہ ڈیڑھ سال سے زیادہ عرصے سے ہندو اور عیسائی برادری کے درمیان پر تشدد جھڑپیں جاری ہیں، گزشتہ ہفتے پولیس سٹیشن پر حملہ کرنے والے عیسائیوں کی کوکی برادری کے دس افراد مارے گئے اس کے جواب میں ہندوؤں کی میتی برادری سے تعلق رکھنے والے چھ افراد کو قتل کر دیا گیا جن کی لاشیں کچھ دن بعد جیریبام ضلع سے ملی تھیں۔
تشدد پر قابو پانے کے لئے بھارت کی مرکزی حکومت نے نیم فوجی دستوں کی 50 اضافی کمپنیوں کو منی پور جانے کا حکم دیا ہے، سینٹرل آرمڈ پولیس فورسز (سی اے پی ایف) کی ہر کمپنی 100 فوجی اہلکاروں پر مشتمل ہوتی ہے، ان کمپنیوں کی منی پور میں تعیناتی کا عمل ہفتے کے آخر تک مکمل ہو جانے کی توقع ہے۔
واضح رہے کہ بھارت کے ہزاروں فوجی پہلے ہی منی پور میں تعینات ہیں جہاں ہندو اور عیسائی برادریوں کے درمیان پرتشدد جھڑپوں میں گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران کم از کم 200 افراد مارے جا چکے ہیں۔