سپیکر قومی اسمبلی کی روسی ہم منصب سے ملاقات، اقتصادی تعلقات مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال

ماسکو: (ویب ڈیسک) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اپنے روسی ہم منصب چیئرمین سٹیٹ ڈوما ولوڈن وکٹورو وچ سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ پارلیمانی و اقتصادی تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سیپکرقومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان روس کے ساتھ اپنے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے، دونوں ممالک کے مابین تعلقات باہمی احترام و اعتماد پر مبنی ہیں۔

سپیکرقومی اسمبلی نے سٹیٹ ڈوما کے چیئرمین سے اپنے دیرینہ دوستانہ تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے روس کے دورے کی دعوت دینے پر ان کا شکریہ ادا کیا، سردار ایاز صادق نے آئندہ سپیکرز کانفرنس ماسکو میں کرانے کی تجویز بھی دی۔

چیئرمین سٹیٹ ڈوما نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی تجویز سے اتفاق کیا، سپیکر قومی اسمبلی نے دو طرفہ تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے لئے آئندہ سپیکرز کانفرنس میں تاجر برادری کو بھی مدعو کرنے کا کہا۔

سردارایاز صادق نے سپیکرز کانفرنس کا آئندہ اجلاس 2025ء میں ماسکو میں کرانے کی تجویز سے اتفاق پر ولوڈن وکٹورو وچ کا شکریہ ادا کیا، دونوں رہنماؤں نے دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے مابین روابط کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا۔

روس کی سٹیٹ ڈوما اور پاکستان کی قومی اسمبلی کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کے اہم معاہدے پر دستخط کئے گئے، معاہدے پر سپیکر قومی اسمبلی اور سٹیٹ ڈوما کے چیئرمین نے دستخط کئے، معاہدے کے تحت دونوں پارلیمانوں کے مابین پارلیمانی کمیٹیوں اور پارلیمانی فرینڈ شپ گروپس کے ذریعے تعاون کو مزید مستحکم بنایا جائے گا۔

سپیکر سردار ایاز صادق نے چیئرمین سٹیٹ ڈوما کا ان کے اور ان کے وفد کے پرتپاک استقبال اور میزبانی پر شکریہ ادا کیا۔

سپیکر نے اپنے روسی ہم منصب کو دورہ پاکستان کی دعوت دی، روسی سٹیٹ ڈوما کے چیئرمین نے سپیکر قومی اسمبلی کے دورہ پاکستان کی دعوت کو قبول کرتے ہوئے جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں